Sat. Jul 12th, 2025

پاکستان میں آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تاجر برادری اس بار مختلف انداز اپنا رہی ہے۔ سیاسی امیدواروں کو محض مالی طور پر سپورٹ کرنے کے بجائے کئی تاجر اور ان کے بچے براہ راست انتخابی دوڑ میں شامل ہو رہے ہیں۔ کچھ قائم شدہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہو رہے ہیں تو دیگر اپنی موجودہ مقامی مقبولیت پر بھروسہ کرتے ہوئے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 101 سے 25 سالہ بیرسٹر مجتبیٰ سم سم سب سے کم عمر آزاد امیدواروں میں سے ایک ہیں، جو بہادر آباد اور گلشن اقبال جیسے علاقوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ لوگوں کے لیے کام کرنے اور بدعنوان طریقوں میں ملوث نہ ہونے کے عزم پر زور دیتے ہیں۔
مسٹر سم سم موجودہ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے چیئرمین آصف سم سم کے بیٹے ہیں، جو 25 سال سے زائد عرصے سے ایک نامی کنسٹرکشن کمپنی چلا رہے ہیں۔
مجتبیٰ سم سم کہتے ہیں کہ ’بہت سے لوگ یہ بھی پوچھتے ہیں کہ ایک آزاد امیدوار دقیانوسی نظام میں تبدیلی کیسے لائے گا؟‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کنٹریکٹس اور پروجیکٹس سے پیسہ کمانے کا ارادہ نہیں رکھتے جو امیدوار منتخب ہونے کے بعد اپنے علاقوں کے لیے حاصل کرتے ہیں۔
نوجوان امیدوار کا کہنا ہے کہ ’’میرا مقصد لوگوں کے لیے کام کرنا ہے۔‘
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سابق چیئرمین فراز الرحمان این اے 233 اور این اے 234 میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کا مقصد عوام اور صنعت دونوں کی شکایات کو دور کرنا، عملی نتائج کی ضرورت پر زور دینا اور مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
فراز الرحمان، فضل الرحمان کے بیٹے ہیں جنہوں نے 1974 میں KATI کی بنیاد رکھی۔ ان کی کمپنی MY گروپ تعمیرات، ٹیکسٹائل، شپنگ اور لاجسٹکس کے کاروبار سے منسلک ہے۔
کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن (KEDA) کے صدر محمد رضوان عرفان پی ایس 130 کے لیے پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار ہیں۔
وہ اپنے علاقے میں پانی کی فراہمی، سیوریج اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ سندھ حکومت میں پیپلز پارٹی کے تاریخی کردار کو اپنی وابستگی کی وجہ بتاتے ہیں۔
آل سٹی تاجر اتحاد (ACTI) کے صدر شرجیل گوپلانی لیاری سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار کے طور پر این اے 239 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ مقامی مسائل کو حل کرنے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کی شمولیت پر روشنی ڈالتے ہیں اور منتخب ہونے کی صورت میں لیاری کو مختلف اقدامات کے ذریعے ”منشیات سے پاک علاقہ“ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *