Sun. Jul 13th, 2025

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ پی پی فی الحال کابینہ کا حصہ نہیں ہوگی اور کابینہ کی تشکیل شہباز شریف کی صوابدید ہے۔

جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنر پیپلز پارٹی کے ہوں گے جب کہ سندھ اور بلوچستان کے مسلم لیگ (ن) سے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں 5 سالہ معاہدہ نہیں لکھ سکتے، فی الحال پیپلز پارٹی کابینہ کا حصہ نہیں ہوگی، پی پی وزیراعظم کے لیے ووٹ، اعتماد کا ووٹ اور اسپیکر کا ووٹ دے گی، حکومت کو قانون سازی میں سپورٹ کریں گے، ہم تنقید برائے اصلاح کریں گے، تنقید برائے تنقید نہیں کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ابھی لوگوں کی نظریں بجٹ اور آئی ایم ایف میں ہیں، نظر آئے گا حکومت کی مجبوری ہے تو سپورٹ کریں گے، ورکنگ ریلیشن پر دونوں جماعتوں کی کمیٹی بھی بن رہی ہے، کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے اور کمیٹی پارٹی کو اعتماد میں لے گی، مل بیٹھ کر چیزیں کریں گے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے اور ان کی صوابدید ہے کہ کسے کابینہ کا حصہ بنائیں اور کسے نہ بنائیں، وہ کسی کو بھی کابینہ میں شامل کریں یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم میں 16 ماہ کا تجربہ اچھا نہیں تھا، اب شہباز شریف نے لیڈ کرنا ہے، امید کرتے ہیں وہ بہتر طریقے سے لیڈ کریں گے۔

فیصل کریم نے کہا کہ پارٹی جلد گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے نام شیئر کرے گی اس سلسلے میں مایوس نہیں کریں گی، آج یا کل میں سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کا نام دے دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *