شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے محسن داوڑ زخمی ہوگئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں فائرنگ سے سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ زخمی ہو گئے، جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کی جانب سے محسن داوڑ کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ محسن داوڑ حامیوں کے ہمراہ احتجاج کر رہے تھے۔
پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، ایڈیشنل ایس ایچ او شہید
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے میں ایڈیشنل ایس ایچ او دین محمد شیرانی شہید جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے دراندازہ کے قریب پولیس موبائل پر حملہ کیا، اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او دین محمد شیرانی موقع پر شہید ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، جہاں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔
واقعے کے کچھ دیر بعد دہشت گردوں اور پولیس پارٹی کے درمیان ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر جائے وقوع کے قریب ہر قسم کی ٹریفک کو بند کردیا گیا تھا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں نے فرار کی کوشش میں دستی بم کا بھی استعمال کیا۔